Wednesday 8 May 2013

نظروں میں ہے تازہ وہ ملاقات کا عالم


نظروں میں ہے تازہ وہ ملاقات کا عالم
خاموش اداؤں میں وہ جذبات کا عالم

نغموں میں سمویا ہوا وہ رات کا عالم
وہ عطر میں ڈوبے ہوئے لمحات کا عالم

اللہ رے وہ شدتِ جذبات کا عالم
کچھ کہ کے وہ بھولی ہوئی ہر بات کا عالم

وہ چھایا ہوا نشہِ صہبائے محبت
جیسے کے کسی رندِ خرابات کا عالم

وہ سادگیِ حسن وہ محجوب نگاہی
وہ محشرِ صد شکرو شکایات کا عالم

نظروں سے وہ معصوم محبت کی تراوش
چہرے پہ وہ مشکوک خیالات کا عالم

عارض سے ڈھلکتے ہوئے شبنم کے وہ قطرے
آنکھوں سے جھلکتا ہوا برسات کا عالم

وہ نظروں ہی نظروں میں سوالات کی دنیا
وہ آنکھوں ہی آنکھوں میں جوابات کا عالم

نازک سے ترنم میں اشارات کے دفتر
ہلکے سے تبسم میں کنایات کا عالم

تھک جانیکے انداز میں دعوتِ جراءت
کھو جانے کی صورت میں وہ جذبات کا عالم

وہ عارضِ پر نور وہ کیفِ نگہِ شوق
جیسے کہ دمِ صبح مناجات کا عالم

No comments:

Post a Comment