Wednesday 29 May 2013

ہر کلی میں


ہر کلی میں پھول بننے کی نہاں ہے آرزو
دیکھ کر طوفاں کوکَھول اُٹھتا ہے قطرے کا لہو
 
ہر ستارہ چاند بننے کے لئے بیتاب ہے
چاند کا دل بھی تمنّاؤں سے لذّت یاب ہے
 
اُس کے سینے میں بھی ہے خورشید بننے کا خیال
اُس کی نظروں میں بھی ہے مہرِ درخشاں کا جمال
 
ہے خزف ریزے کے دل میں آئینہ بننے کا شوق
آئینے کو مہ وشوں کا نقشِ پا بننے کا شوق
 
ناچتے ہیں پھول اِس اُمید میں مستانہ وار
گوندھنے آئے گی مالن ایک دوشیزہ کا ہار
 
سر پٹخ کر جھاگ برساتے ہیں پیہم آبشار
چاہتے ہیں اپنی منزل سے ہوں یکدم ہمکنار
 
دن کے دل میں رات بننے کی تمنّا ہے نہاں
رات کو یہ شوق، کب ہوگی سحر جلوہ فشاں
 
تیرگی کو نور کا روئے حسیں محبوب ہے
نور کو ظلمات کی سنجیدگی مرغوب ہے
 
مفلسوں کو سلطنت کا شاہ بننے کی ہوس
شاہ کو کونین کا اللہ بننے کی ہوس
 
کمسنی کے دل میں رقصاں ہے تمنّائے شباب
اور بڑھاپے کی تبسّم پر جوانی کی نقاب
 
میں کہ اک شاعر ہوں بے پروائے قدرِ ننگ و نام
میرے سینےمیں بھی اک اُمید ہے، آتش بجام!
 
ایک شعلہ سا لرزتا ہے رگوں میں، مستقل
"جانے والے لوٹ آتے ہیں" یہی کہتا ہے دل
 
زندگی کو میں نے دیکھا ہے برافگندہ نقاب
زندگی پیہم خلش ہے، جاودانی اضطراب!

No comments:

Post a Comment